اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی اعلیٰ قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری علی لاریجانی نے کہا ہے کہ تہران اور اسلام آباد کے تعلقات میں وہ گنجائش موجود ہے کہ انہیں موجودہ سطح سے آگے بڑھا کر ایک پائیدار اسٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل کیا جائے۔یہ بات انہوں نے منگل، ۲۸ اکتوبر کو ایران کے دارالحکومت تہران میں پاکستان کے وزیرِ داخلہ سید محسن نقوی سے ملاقات کے دوران کہی۔
علی لاریجانی نے ایران اور پاکستان کی جغرافیائی و سیاسی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون نہ صرف دوطرفہ مفادات کے لیے بلکہ پورے خطے کے استحکام اور سلامتی کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حالیہ اسٹریٹجک معاہدے کو خوش آئند اور مدبرانہ قدم قرار دیتے ہوئے کہا آج خطے کے مسلمان ممالک ایک جیسے خطرات اور دشمنوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ ان چیلنجز کا مقابلہ صرف مشترکہ، منظم اور عملی اقدامات سے ممکن ہے۔
رهبر معظم انقلاب کے مشیر نے مزید کہا کہ ایران و پاکستان کو سیکیورٹی، دفاع، سیاست اور خصوصاً معیشت کے شعبوں میں تعاون کو گہرا کرنا چاہیے۔
پاکستانی وزیرِ داخلہ سید محسن نقوی نے ملاقات کے دوران کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان تعلقات تاریخی، ثقافتی اور سلامتی کی بنیادوں پر قائم ہیں۔انہوں نے کہا:"ایران ہمارے لیے ایک دوست اور برادر ملک ہے۔ اسلام آباد ایک مضبوط، مستحکم اور ترقی یافتہ ایران کا خواہاں ہے۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے خطے کی تازہ صورتحال پر تبادلۂ خیال کرتے ہوئے اتفاق کیا کہ مسائل کے حل کے لیے سیاسی و سفارتی راستوں کو ترجیح دی جائے اور دوطرفہ ہم آہنگی کو مزید مستحکم کیا جائے۔فریقین نے تجارتی تبادلے میں اضافے اور اقتصادی تعلقات کے فروغ کو بھی دوطرفہ تعلقات کی ترجیحی سمت قرار دیا۔
آپ کا تبصرہ